بیوروکریسی نے وزیراعظم کو چکرادیا، پاورسیکٹر کے امور میں آزاد ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ

12:50 PM, 8 Jul, 2024

ویب ڈیسک : بیوروکریسی نے اعدادوشمار کے ہیر پھیر سے وزیراعظم کو  چکرادیا ،، وزیراعظم پاور سیکٹر کے امور میں آزاد ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ ۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے  بجلی کی قیمتیں بھی از سرنو طے کی جائیں گی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی کی وزیراعظم کو دی گئی  بریفنگ  میں بہت سی معلومات متضاد نکلیں ۔

جس پر وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ پن بجلی منصوبوں، نیٹ میٹرنگ، سولرائزیشن سے متعلق آزاد ماہرین سے رائے لی جائیں گی  جبکہ بجلی کی قیمتوں سے متعلق بھی آزاد ماہرین سے خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ درآمدی کول پاور پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے سے متعلق بریفنگ پر بھی ماہرین سے رابطہ کر لیا گیا۔

 اسی طرح بجلی کی پیداواری اور تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاور سیکٹرکی اصلاحات بھی نجی ماہرین کی مشاورت سے کی جائے گی۔

 ذرائع کے مطابق اس حوالےسے وزیراعظم آفس نے انرجی امور کے ماہرین سے رابطہ کر لیا اوربیوروکریسی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے ورکنگ پیپرز آزاد ماہرین کو بھجوا دیے گئے۔

امید ہے کہ پاور سیکٹر کے امور پر اہم فیصلے لینے  کے لئے آزاد ماہرین پر مشتمل کمیٹی یا کونسل تشکیل  دی جائے گی ، اس حوالے سے وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بھی ٹاسک دے دیا۔

دوسری جانب شعبہ توانائی میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے 18 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری سے 18 رکنی کمیٹی کو 12 اہم ترین ٹاسک دیدیے گئے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی سربراہی میں قائم کمیٹی کو تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چھ وفاقی وزرا، چھ وفاقی سیکریٹری اور چیئرمین ایف بی آر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔  آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ 

کمیٹی کا فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی شعبہ سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کو حل کرنےکیلئے تجاویزتیار کرے گی۔ کمیٹی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے مالیاتی نظام کا بھی جائزہ لے گی۔

کمیٹی ترمیم شدہ پیٹرولیم پالیسی 2012 ، ٹائٹ گیس پالیسی 2024 کو عملی شکل دے گی۔ کمیٹی ایل این جی کارگوز کے لیے بنچ مارکنگ پورٹ چارجز کے تعین سے متعلق تجاویزبھی تیارکرے گی۔ پٹرولیم ڈویژن کمیٹی کو سیکرٹری معاونت فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں