اسلام آباد ( پبلک نیوز) کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر ہاؤسنگ طارق چیمہ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ۔
ذرائع کے مطابق اتحادی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ترقیاتی فنڈزکا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھادیا۔ وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور عامر ڈوگر نے معاملہ پر بات کی۔ شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ کل حکومتی بزنس میں حکومتی اتحادی کیوں نہ آئے۔ اتحادیوں کے نہ آنے پر اپوزیشن کی جانب سے بار بار کورم کی نشاندہی ہوتی رہی۔
وزیر خارجہ نے کابینہ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ وزیراعظم صاحب آپ اتحادی جماعت سے وضاحت لیں۔ طارق بشیر چیمہ نے جواب دیا کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جارہے تو کیسے حکومتی بزنس کا حصہ بنیں۔ وزیراعظم نے استفسار کیا کہ آپ کے مطالبات کیا ہیں؟وزیر ہاؤسنگ نے جواب دیا کہ ہم اپنے مطالبات یہاں نہیں آپ کے ساتھ الگ ملاقات میں بتائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تمام اتحادیوں کے مطالبات پورے ہوں گے، تحفظات بھی دور کئے جائیں گے۔ آئندہ سال ہر ایم این اے کو بھرپور ترقیاتی فنڈز ملیں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔