ویب ڈیسک: پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ماہانہ کتینی تنخواہ لے رہے ہیں تفصیلات سامنے آگئیں۔
کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے مختلف کیٹگریز میں شامل کر رکھا ہے جس کے مطابق ہی انہیں تنخوا ہ و مختلف سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور حال ہی میں ان کے کنٹریکٹس اپ ڈیٹ بھی کیے گئے ہیں ۔
پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کیٹگری Aکے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے جب کہ B کیٹگری کے کھلاڑی 30 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرتے ہیں۔
پی سی بی کی طرف سے قومی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کنٹریکٹس اپ ڈیٹ ہونے کے بعد اے کیٹگری کے کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ میں 202 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ بی کیٹگری کے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 144 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سی کیٹگری اور ڈی کیٹگری کے لیے بالترتیب 135 اور 127 فیصد کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال ماہ ستمبر میں قومی کھلاڑیوں کے لیے نئے کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا تھا جس میں ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اے، بی، سی اور ڈی کیٹگری میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کی گئی لسٹ کے مطابق بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو اے کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا۔
پی سی بی کی طرف سے اے کیٹگری میں شامل کیے گئے ان تینوں کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ 45 لاکھ روپے طے کی گئی تھی۔ بی کیٹگری میں نسیم شاہ، حارث رئوف، فخر زمان اور شاداب خان کو شامل کیا گیا تھا جن کا ماہانہ معاوضہ پی سی بی کی طرف سے 30 لاکھ روپے تک رکھا گیا ہے۔
پی سی بی نے صائم ایوب، حسن علی اور افتخار احمد کو سی کیٹگری جبکہ عماد وسیم کو ڈی کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا جنہیں 7 لاکھ روپے سے 15 لاکھ روپے تک ماہانہ بنیادوں پر تنخواہ ادا کی جا رہی ہے۔ ماہانہ تنخواہ کے علاوہ قومی کھلاڑیوں کو تینوں فارمیٹس کے مطابق میچ کی مقررہ فیس اور میچ ایوارڈ بھی حاصل ہوتے ہیں۔