وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا ترقیاتی بجٹ بڑھانے کا فیصلہ

03:05 PM, 8 Jun, 2024

ویب ڈیسک: وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ترقیاتی بجٹ میں 3 ارب 71 کروڑ روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فوڈ سیکیورٹی کا بجٹ 8 ارب 85 کروڑ سے بڑھ کر 12 ارب 56 کروڑ روپے ہو جائے گا، اگلے مالی سال فوڈ سیکیورٹی کے 13 نئے منصوبوں کے لیے 1 ارب 95 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

غذائی تحفظ کے 21 پرانے منصوبوں پر 10 ارب 61 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جانوروں میں منہ کُھر کی بیماری پر قابو پانے کے لیے 40 کروڑ رکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آبی گزرگاہوں کی بہتری کا 47 ارب لاگت کا منصوبہ ہے، اگلے سال کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، زیتون کی کمرشل بنیادوں پر کاشت کے فروغ کے منصوبے پر ایک ارب خرچ ہوں گے۔

زرعی شعبے میں استعدار کار بڑھانے کے نئے منصوبے پر 70 کروڑ خرچ ہوں گے اور خیبرپختونخوا میں پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے کے لیے 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

شمالی علاقہ جات میں ٹراؤٹ فش فارمنگ کے فروغ کے لیے 20 کروڑ رکھے گئے ہیں جبکہ کپاس کی پیداوار میں بہتری کے نئے منصوبے کے لیے 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بیجوں کا معیار بہتر بنانے کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے لیے 12 کروڑ 78 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں