چاہت فتح علی خان نے ”بدو بدی2“ ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا

03:14 PM, 8 Jun, 2024

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر اپنے بےسُرے گانوں کی وجہ سے شہرت پانے والے خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے ”بدو بدی2“ ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔  ان کا یہ گانا ماضی کے مقبول گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا ری میک تھا جس نے یوٹیوب پر دیکھتے ہی دیکھتے 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے۔ تاہم اس گانے کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کر دیا گیا۔  جس کے بعد چاہت فتح علی خان نے بدو بدی 2 ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چاہت فتح علی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر مداحوں کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں گلوکار نے بتایا کہ اُنہوں نے عیدالفطر کی چاند رات پر ‘ بدو بدی’ گانا ریلیز کیا تھا جوکہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بےحد مقبول ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میرے گانے ‘ بدو بدی’ پر 28 ملین ویوز آئے اور کروڑوں بار گانے کو شیئر کیا گیا، بھارت میں بھی یہ گانا خوب وائرل ہوا۔ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہیں، آپ چاہیں اچھے تبصرے کریں یا بُرے، مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا لیکن یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آپ میری گلوکاری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

گلوکار نے کہا کہ مجھے شروع سے ہی گلوکاری کا شوق تھا لیکن میں نے ساڑھے آٹھ سال قبل باقاعدہ گلوکاری کا آغاز کیا، اس دوران 35 گانے ریلیز کیے جن میں سے 17 گانے ہِٹ ہوئے۔ میرے گانے پسند کرنے پر پاکستانیوں سمیت بھارتیوں، بنگلہ دیشیوں، نیپالیوں اور برطانوی مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

اُنہوں نے اپنے نئے پراجیکٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے نئے 6 گانوں کی تیاری میں مصروف ہوں، جن میں میرے ساتھ نوجوان ماڈلز نظر آئیں گی۔

چاہت فتح علی خان نے کہا کہ متعدد پروفیشنل ماڈلز میرے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں، میرے پاس ماڈلز کی لائن لگی ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ پر میری فلم ‘سبق’ بھی ریلیز ہورہی ہے جوکہ میرے یوٹیوب چینل پر ہی ریلیز ہوگی جبکہ میں جلد ہی ‘ بدو بدی 2′ بھی ریلیز کروں گا۔

مزیدخبریں