راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے قرارداد منظور

03:58 PM, 8 Jun, 2024

ویب ڈیسک: بھارتی سیاسی جماعت کانگریس نے پارٹی رہنما راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے قرارداد منظور کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پارٹی رہنما راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے قرارداد منظور کی ہے۔

حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں راہول گاندھی نے رائے بریلی اور کیرالہ کے علاقے ویاناد سے کامیابی حاصل کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی رہنما کماری سیلجا نے کہا کہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی یہ خواہش ہےکہ راہول گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالیں۔

کانگریس کے سینئر رہنما اور نومنتخب رکن کے سی وینگوپال نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اتفاق رائے سے راہول گاندھی سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں لیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کی قرارداد میں الیکشن مہم میں راہول گاندھی کی انتھک محنت کو بھی سراہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کے اتحاد این ڈی اے نے حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کیں جس کے بعد نریندر مودی تیسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بنیں گے جب کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے مودی کے مینڈیٹ کو بڑا جھٹکا دیا اور لوک سبھا کی 234 نشستیں جیتیں۔

مزیدخبریں