پوپ فرانسس کی ایلان کردی کے والد سے ملاقات

10:55 AM, 8 Mar, 2021

احمد علی

ویب ڈیسک: عراق کے تاریخی دورے کے بعد مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس روم کے لیے روانہ ہو گئے۔

پوپ فرانسس نے آخری روز شام میں خانہ جنگی کے بعد ترکی جاتے ہوئے جاں بحق ہونے والے ننھے بچے ایلان کردی کے والد عبداللہ کردی سے بھی ملاقات کی۔

ماضی میں پیش آنے والے افسوناک واقعے کی تصاویر نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ جب یونان جانے کی کوشش میں ایلان، اس کا پانچ سالہ بھائی گالپ اور والدہ ریحان کشتی ڈوب جانے کے باعث ہلاک ہو گئے تھے۔ پوپ فرانسس نے عراقی شہر اربیل میں ایلان کردی کے والد عبد اللہ کُردی سے ملاقات میں انکے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایلان کردی کے والد نے ملاقات کے لیے آنے پر  پوپ فرانسس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پوپ فرانسس نے اپنے تاریخی دورے پر عراق میں آیت اللہ علی سیستانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ مذہبی طبقے کو عراق میں عیسائی اقلیت کی حفاظت کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ عراق میں عیسائی اقلیت پرامن طور پر زندگی گزار سکیں اور وہ تمام حقوق انہیں میسر ہونے چاہئیں جو دوسرے عراقی شہریوں کو میسر ہیں۔

پوپ فرانسس نے عراق میں عیسائی اقلیت کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر آیت اللہ سیستانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سیستانی نے اس عیسائی اقلیت کیلئے آواز بلند کی ہے جسے گزشتہ سالوں میں عراق کے پرتشدد ماحول میں کمزور سمجھ کر بہت ستایا گیا ہے۔

پوپ فرانسس نے اپنے دورے کے دوران تشدد اور انتہاپسندی کے خاتمے پر زور دیا۔ انہوں نے عراق میں موجود مسیحی برادری کو بنیادی حقوق کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب پوپ فرانسس نے عراق کے دورے کے اختتامی روز موصل میں جنگ سے متاثرہ افراد کیلئے ہونیوالی دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں