چوروں کا ٹولہ جو بھی کرلے میں تیار ہوں: وزیراعظم

08:06 AM, 8 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہےکہ چوروں کا ٹولہ جو بھی کرے میں ان کے لیے تیار ہوں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن ممالک میں غربت ہے وہاں طاقتور چوری کرکےبچ جاتا ہے اور کمزورجیل میں جاتا ہے، ان ممالک میں قانون کی بالادستی نہیں، وہ غریب ملک وسائل سے بھرے ہیں لیکن وہاں قانون کی بالادستی نہیں، طاقتور لندن میں محلات خرید سکتا ہے مگر چھوٹا چور بھینس اور موٹرسائیکل چوری کرکے کتنا نقصان کرتا ہے، وہ جیل چلا جاتا ہے، ساری دنیا میں ممالک وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ طاقتور ڈاکوؤں کے دندنانے سے غریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کرپشن اور جرم کو قبول کرلیں اور انہیں برا نہیں سمجھیں تو یہ معاشرے کی تباہی کی بنیاد بنتی ہے، اگر میں چوری سے پیسا بناسکتا ہوں تو کیوں تعلیم حاصل کروں اور محنت کروں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ساڑھے چار سو وزرا کو جیلوں میں ڈالا، اس لیے وہ اوپر گیا، ہماری جنگ حقوق کی جنگ ہے،عورتوں اور کمزور طبقے کے حقوق کی جنگ ہے، اس لیے جب تک زندہ ہوں ان کو این آر او نہیں دوں گا، جہاد لڑوں گا، اس میں میرے ملک کی بہتری ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ نے مجھے دنیا میں ٹاپ پانچ کپتانوں میں رکھا تھا، دنیا کی تاریخ میں میرا بھی نام ہے، یاد رکھیں کپتان جب میچ کھیلتا ہے تو وہ اپنے مخالف کی ہر چیز کے لیے تیار ہوتا ہے اگر وہ ٹاس جیتے گا تو میں کیا کروں گا، میں ٹاس جیتوں تو کیا ہوگا، وہ وکٹ تیز بنائے گا تو میں کونسی بال کراؤں گا، اس لیے ڈاکوؤں کا گلدستہ اور چوروں کا ٹولہ جتنی بھی کوشش کرے جو پلاننگ کرلے، یہ جوبھی کریں گے میں ان کے لیے تیار ہوں۔
مزیدخبریں