ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) نے پی ٹی آئی کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کی سیاست پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
جمعے کو آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے نمائندہ ایستھر پیریز روئیز نے کہا کہ ’ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے خط 28 فروری کو موصول ہوا آئی ایم ایف پاکستان میں انتخابی تنازعات کے حل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ پاکستان میں ادارہ جاتی ترقی اور معاشی استحکام کو دیکھ رہے ہیں۔‘ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے دوسرے جائزے پر مذاکرات کے منتظر ہیں۔‘
آئی ایم ایف کی نمائندہ نے مزید کہا کہ ’آئی ایم ایف کا مقصد معاشی استحکام کو گہرا کرنا ہے۔ حکومت پاکستان درخواست کرے تو نئے وسط مدتی اقتصادی پروگرام کی حمایت کریں گے۔‘
’چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنے کیلئے محصولات کے حصول کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔توانائی کے شعبے کی عملداری اور ادارہ جاتی نظم و نسق میں اصلاحات ضروری ہیں۔‘
ایستھر پیریز روئیز نے کہا کہ ’حکومتی ملکیتی اداروں کی کارکردگی اور انسداد بدعنوانی کے اقدامات کو بہتر بنایا جائے۔ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے نجی کاروبار کے لیے برابری کا میدان ہونا چاہیے۔‘
عمران خان کاخط موصول،کسی ملک کی سیاست پر تبصرہ نہیں کرتے،آئی ایم ایف
03:01 PM, 8 Mar, 2024