صدارتی انتخابات میں آصف زرداری ہمارے امیدوار ہیں ، مریم نواز

06:32 PM, 8 Mar, 2024

notype

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ  صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری ہمارے امیدوار ہیں، بلاول ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو ن لیگ کا ووٹ آصف زرداری کا ہی تھا۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے  مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی سے گفتگو کی۔

اس دوران وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ  آپ ووٹ نہ بھی مانگنے آتے تو پی ایم ایل این اسی طرح آپ کو ووٹ دیتے، آپ الیکشن میں مدمقابل ہوتے ہیں تو  تہذیب کے دائرہ میں رہ کر ہر قسم کی بات کرتے ہیں، ایسے فیصلے کرنے پڑے ہیں جو ملک کے مفاد میں ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ  مسائل اتنے سیریس ہیں کہ کوئی جماعت اکیلے اس کا حل نہیں کر سکتی، آصف علی زرداری صاحب  ہمارے صدارتی امیدوار ہیں ، ہم سب ووٹ ڈالیں گے،ہماری  جماعت کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکر ہے قوم کی جان چھوٹے گی، پچھلے 5 سال آئین شکنی ہوئی ہے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا، مملکت کا پورا کاروبار روک دیا کہ میری جماعت کی مرضی نہیں ہے اس لیے نہیں ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ  سیاست کے لیے اس منصب کو بھی استعمال کیا گیا، اس منصب کی پاور کو بھی استعمال کیا گیا، اس گھر کو بھی استعمال کیا گیا، امید ہے یہ روایت اب ٹوٹے گی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے  کہا کہ  ہم ایسا پاکستان مل کر بنائیں گے جہاں اس ملک کا ہر شہری کو بلاتفریق یہ موقع ملے کہ وہ بھی اپنے ملک کا خدمت کرے۔

انہوں نے کہا کہ ممبران پنجاب اسمبلی ہیں آپ سب سے میں ووٹ مانگنے آیا ہوں اور وہ بھی اپنے والد کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں، وہ ویسے ہی آپ کا خیال رکھیں گے  جیسے وہ میرا خیال رکھتے ہیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  اگر ہم نے اس کرائسز سے نکلنا ہے ہمارے معاشرے میں جو تقسیم پیدا ہوئی ہے  اور ایک مخصوص سیاسی جماعت  کے ذہنیت نے یہ تقسیم پیدا کی جس کو حل ہم نے مل کر کرنا ہے۔

مزیدخبریں