ویب ڈیسک:گلشن راوی کے علاقہ میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو بالائی منزل کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا، پبلک نیوز نے واقعہ کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی ،متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ گذشتہ رات نوناریاں چوک کے قریب شالیمار روڈ پر پیش آیا ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعہ کی آڈیو بھی ریکارڈ ہے، جس میں متاثرہ خاتون مریم کے گھر سے کچھ خواتین کے چیخنے کی آوازیں آتی ہیں ۔
اسی دوران مریم کو کھڑکی سے نیچے گلی میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔مریم کی چیخ و پکار پر اہل محلہ بھی موقع پر پہنچ جاتے ہیں، جنہوں نے متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔
گلشن راوی پولیس نے متاثرہ خاتون کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا ۔مقدمے میں خاتون کا شوہر شہزاد، دیور رومان اور ساس شازیہ نامزد ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ متاثرہ خاتون نے گھریلو ناچاقی پر خودکشی کی کوشش کی ہے،تاہم واقعہ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں ۔