سندھ ضمنی بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

02:27 PM, 8 May, 2023

احمد علی
کراچی: سندھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سر فہرست رہی ہے ، کراچی کی 11 یوسیز میں سے پیپلز پارٹی 7 نشستوں پر کامیاب رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے چوبیس اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 93 حلقوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔ جماعت اسلامی کو 9 نشستیں ملیں، پی ٹی آئی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔ ادھر کراچی کی 246 یونین کونسلز میں سے 240 میں الیکشن نتائج مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی 98 یوسیز میں کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، 87 یوسیز میں کامیاب جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ پی ٹی آئی نے 43 یوسیز میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے 7، جے یو آئی نے 3 یوسیز میں کامیابی حاصل کی، ایک یو سی میں ٹی ایل پی اور ایک میں آزاد امیدوار کامیاب ہوا، جن 6 یوسیز کے نتائج روکے گئے ہیں وہاں پیپلز پارٹی کامیاب قرار پائی تھی۔ نتائج کے مطابق کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی ہے، جس کی وجہ سے میئر لانے کے لیے اتحادی ہونا ضروری ہوگا۔
مزیدخبریں