توہین پارلیمنٹ بل کل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائےگا، قید ، جرمانے کی سزائیں تجویز

07:10 PM, 8 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق توہین پارلیمنٹ بل کل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بل کے تحت توہین پارلیمنٹ پر مختلف سزائیں تجویز کی گئی ہیں، پارلیمنٹ کی توہین پر کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق رانا قاسم نون نے تیار کیا ہے، رانا قاسم نون کل پرائیویٹ ممبر کے طور پر بل ایوان میں پیش کریں گے،مجوزہ بل میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے لئے توہین پارلیمنٹ کا قانون تجویز کیا گیا ہے۔ بل میں تجویز دی گئی ہے کہ 24 رکنی پارلیمانی کنٹمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی،کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 50، 50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا، کنٹمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی، اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توہین پارلیمنٹ کا مسودہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ میں رائج قوانین کی روشنی تیار کیا گیا ہے، توہین پارلیمنٹ بل میں قید اور جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔بل کے تحت چھ ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں ۔
مزیدخبریں