شیخوپورہ: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کا قتل، اہل علاقہ نے 2 مبینہ ڈاکو مارڈالے

04:37 PM, 8 May, 2024

ویب ڈیسک: شیخوپورہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ جس کے بعد مشتعل اہل علاقہ نے 2 مبینہ ڈاکوؤں کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ کاٹیانوالہ میں ڈکیتی کی لرزہ خیز واردات رونما ہوئی۔ دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک دیہاتی جاں بحق ہوگیا جبکہ دیہاتیوں کی فائرنگ سے مبینہ دو ڈاکو بھی ہلاک ہوگئے۔ 

بتایا گیا ہے کہ ڈاکوؤں کا گروہ دن دیہاڑے کاٹیانوالہ روڈ پر ناکہ لگا کر راہگیروں کو لوٹ رہا تھا۔ دوران ڈکیتی ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک دیہاتی کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی۔ 

دیہاتیوں نے ڈاکوؤں کو گھیرا ڈال کر پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں سے مزاحمت کی۔ دیہاتیوں اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت وقاص علی، افضل شوکت اور شہباز شوکت کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی شخص کی شناخت وسیم عباس کے نام سے ہوئی۔ 

مزیدخبریں