پی ٹی آئی کی اندرونی خواہش ہے عمران خان جیل میں رہیں: فیصل واوڈا

08:55 PM, 8 May, 2024

(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کو کوئی ڈیل کی آفر نہیں ہورہی، پی ٹی آئی کی اندرونی خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک بیانیہ چل رہا ہے کہ عمران خان سے مذاکرات ہورہے ہیں ایسا کچھ بھی نہیں ، آپ کو اسی حکومت سے آپ بات چیت کرنا ہوگی،  ایسانہیں ہے کہ تحریک انصاف میں سارے اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہیں یا فوج کے خلاف ہیں، پی ٹی آئی میں ایک شرارتی ٹولہ موجود ہے جو معاملات کو درست کرنا نہیں چاہتا، پی ٹی آئی کی اندرونی خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں اور اُن کی مقبولیت کے مزے یہ لوگ لیتے رہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سارے مذاکرات کے ساتھ ہی چل رہے ہیں، ہماری ایک روایات ہے کہ گھر کے سربراہ سے معافی تو مانگنی پڑتی ہے کیونکہ باپ باپ ہی ہوتا ہے، پی ٹی آئی کو اپنی ذمہ داری دکھانے کی ضرورت ہے۔

فیصل واوڈا نے اہم انکشاف کرتے کہا کہ آگے مزید سختی ہوجانی ہے قانون بھی بن جانے ہیں،  9 مئی میں ایک نے نعرہ لگایا اس کو پھانسی کی سزا آپ دے نہیں سکتے ، ایک نے پلان کیا آگ لگائی، کسی ادارے میں گھس گئے یا کسی کے گھر میں، اس پر ہمیں اپنی پاک آرمی کی تعریف کرنی چاہیے اتنا کچھ ہونے کے باجود انہوں نے اپنی بندقیں نیچے رکھیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ خان صاحب کو اب حساس ہونا چاہیے کہ انتشاری ٹولے کو ہٹا کر سمجھ دار لوگوں کو آگے کریں۔

مزیدخبریں