بینک منیجر جواری نکلا، صارفین کے کروڑ روپے اڑا دیے
03:52 AM, 8 Nov, 2021
ہماچل پردیش: (ویب ڈیسک) بینک منیجر نے تقریباً ایک کروڑ روپے کی گڑبڑ کرتے ہوئے اس رقم کو جوئے میں آرا دیا۔ حکام نے نوٹس لینتے ہوئے ملزم کو معطل کر دیا ہے۔ فراڈ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بہت سے کھاتے داروں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش میں پیش آیا۔ یہاں فراڈ کا ملزم کوئی اور نہیں بلکہ خود بینک کا مینجر تھا۔ جو صارفین کے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر آن لائن جوا کھیلتا تھا۔ مینجر جوا جیتنے پر صارف کے کھاتے میں اتنی ہی رقم جمع کراتا تھا، جتنی وہ نکال لیتا تھا۔ بینک منیجر کے جرم کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بات کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم صارفین کے کھاتوں کو نشانہ بناتا تھا۔ وہ لوگ جو سال میں صرف دو چار بار بینک آتے تھے یا جنہوں نے بینک سے ایس ایم ایس الرٹ کی سہولت نہیں لی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال اب تک 35 لاکھ 75 ہزار روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ملزم نے اس طرح تقریباً ایک کروڑ روپے کی گڑبڑ کی ہے۔ بینک کی ایک ٹیم فراڈ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ فی الحال ملزم مینجر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس فراڈ کی کل رقم کا تب ہی پتا چلے گا جب تمام صارفین کی پاس بک اپ ڈیٹ کی جائیں گی۔ معلومات کے مطابق بینک منیجر آن لائن جوئے کی لت اور سٹاک مارکیٹ میں پیسے لگانے کی لت میں مبتلا ہے۔ وہ پہلے پہل اپنی تنخواہ کے پیسے لگاتا رہا۔ جب ساری رقم ختم ہوگئی تو اس نے صارفین کے کھاتوں سے رقم نکالنی شروع کردی۔ معاملہ پولس تک پہنچنے کے بعد ملزم راجستھان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور اسے پولس نے سراغ ملنے پر گرفتار کر لیا۔