پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

11:35 AM, 8 Nov, 2024

ویب ڈیسک: دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے جبکہ ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں 28 سال بعد پہلا ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان نے پراعتماد بلے بازی کی اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ قومی ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ اس گراؤنڈ میں مدمقابل آئیں تھی جہاں کینگروز نے 7 مرتبہ جیت حاصل کی تھی۔

ایڈیلیڈ میں پاکستان نے 28 سال قبل 1996 واحد جیت حاصل کی تھی اس وقت قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض وسیم اکرم کے سپرد تھے اور اس میچ میں ثقلین مشتاق نے 5 وکٹیں لے کر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کی اننگز

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، صائم ایوب 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی باری میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق 64 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی باری میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور وہ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ لیگ سپنر ایڈم زمپا نے حاصل کی، کپتان پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے سینئر فاسٹ باؤلر وکٹ کیلئے ترستے ہی رہ گئے۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریزر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ سٹار بیٹر گلین میکسویل ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آل راؤنڈر ایرون ہارڈی کو حارث رؤف نے 13 کے انفرادی سکور پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ فاسٹ باؤلر مچل سٹارک صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کا پانچواں شکار بنے، آسٹریلیا کی آخری وکٹ ایڈم زمپا کی گری وہ 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5، شاہین آفریدی نے 3، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس

دوسرے ون ڈے میچ میں قومی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

ایڈیلیڈ میں ٹاس جیت کر بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پہلے میچ والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے، پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سین ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستانی سکواڈ
قومی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم
آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، میتھیو شارٹ، جیک فریزر، سٹیو سمتھ، جوش انگلس، مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، ایرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، مچل سٹارک اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں میزبان کینگروز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاہینوں کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف 

وزیراعظم شہباز شریف نے دوسرے ایک روزہ میچ میں کامیابی کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی اور پوری ٹیم کو دیدیا,ایک اور شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف متاثرکن جیت پر اپنی ٹیم پر فخر ہے، جیت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پوری ٹیم کی کاوشوں کا نتیجہ ہے،وزیراعظم کی کپتان محمد رضوان،نوجوان بلے باز صائم ایوب اور گیند باز حارث راؤف کو مبارکباد بھی دی۔

سید مراد علی شاہ

منیر ساقی / وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم سے جیت خوشی کی بات ہے،آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی،کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرا کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری 

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دوسرے ون ڈے میچ پر قومی ٹیم کو فتح پر خراج تحسین دیتے ہوئے قومی ٹیم کے سلیکٹرز، کوچ، کپتان، کھلاڑیوں کو شاباش دی اور کہا کہ اس جیت کی قوم کو اشد ضرورت تھی۔قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔حارث رؤف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔

گورنر سندھ  نے کہا کہ عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے انتہائی زمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔امید ہے آئندہ میچز میں بھی اسی ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں