توہین عدالت کیس:اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمران خان سےمنگل کو ملاقات کرانے کی ہدایت

11:45 AM, 8 Nov, 2024

ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے پارٹی لیڈرز کی ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست  کی سماعت کی۔اس موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم اور ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز میٹنگ کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی، بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھا جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، اسد قیصر، شبلی فراز کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے اس پر توہینِ عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے، اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 3 کوآرڈی نیٹرز ہیں، ہمیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ 6 لوگ ملنا چاہتے ہیں۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ انتظار پنجوتھا کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتہ ہوئے تھے، ہم نے لسٹ دی تھی۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔

عدالت میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر دن میں 3 مرتبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں کل کیوں ملاقات نہیں کرا سکتے؟

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا کہ ان کی ملاقات منگل اور جمعرات کو طے ہے، ان دنوں کے علاوہ ہمیں ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی انتظامات کرنا ہوتے ہیں، ہم تو ہمیشہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ فیصل چوہدری صاحب تو روزانہ 8 گھنٹے ملتے ہیں، یہ پھر بھی شکایت کر رہے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ 13 ستمبر کو اس عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین کوآرڈینیٹرز ہوں گے، اس عدالتی حکم میں یہ کہا گیا تھا کہ چیف کوآرڈینیٹر جو نام دے گا اسی کو ملانا ہوگا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کا تنازعہ سامنے آیا ہے، عمران خان فیملی فرینڈز وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہی لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے لسٹ لیکر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور عمران خان وکلا کے درمیان تنازعہ ختم ہوگا،میں کمیشن تشکیل دوں گا وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملے گے۔

عدالت نے عمران خان سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں