عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور

02:30 PM, 8 Nov, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے درخواستوں پر سماعت کی۔

آج عدالت نے مزید دلائل دینے کے لیے وقت دینے کی درخواست خارج کردی، بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے مزید دلائل دینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد نیا نکتہ سامنے آیا ہے، عدالت مزید دلائل کے لیے وقت دے۔

فرہاد شاہ نے کہا کہ بڑی پلاننگ کے تحت عسکری ٹاور پر حملہ کیا گیا،سی ایس ڈی پر حملہ کیا گیا،کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا گیا اور لوٹ مار کر کے جلاؤ گھراؤ کیا گیا ،جو ملک کا دفاع کر سکتے ہیں وہ کورکمانڈر ہاؤس کا دفاع کر سکتے تھے،دنیا میں کیا بات چلتی کہ پاک فوج ملنے اپنی عوام پر گولیاں چلا دیں،ہزاروں شہدا جو اس ملک کے لیے کھڑے ہوئے ان پر انگلیاں اٹھائی گئیں،عوام کو اس بات پر اکسایا گیا اور بیانیہ بنایا گیا۔

فرہاد شاہ  نے کہا کہ درخواستگزار کا اسٹیٹس دیکھیں کیا ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں،مال روڈ سے جو ریلی نکلی اسکو صرف آرمی کے ہاؤس نظر آئے،پورے پنجاب میں 37 مقدمات ہیں اور لاہور کے 14 مقدمات ہیں،سپریم کورٹ کے جج کی گاڑی کو جلایا گیا،ہمراہی ملزمان کی ضمانت ان نکات پر اسی عدالت سے خارج ہوئیں۔

 پراسیکیوشن کی جانب سے سید فرہاد علی شاہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے دلائل مکمل کیے۔

 عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر سے کہا کہ آپ پہلے ہی اپنے دلائل دے چکے ہیں، آج پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ نے دلائل مکمل کیے ہیں، بار بار دلائل سے وقت ضائع ہو گا، اب ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ ہونا چاہیے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیانیہ بنایا کہ اگر گرفتاری ہو تو یہ سب کچھ کرنا ہے، قیادت نے عمران خان کی ہدایات کے مطابق حساس تنصیبات پر حملے کیے۔

پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔

پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کی مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کینٹیر جلانے،شیر پاو پل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کیس جبکہ گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں ضمانت منظور ہوئی۔

مزیدخبریں