بھارت نہ آیا تو کسی صورت میچ دبئی منتقل نہیں کریں گے، چیئرمین پی سی بی 

04:14 PM, 8 Nov, 2024

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ   محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب تک تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا ۔ ہائبرڈ ماڈل کی بھی بات نہیں ہوئی،نہ ہی ہم تیار ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ   پوری قوم کو آج مبارک ہو پاکستان نے 2017 کے بعد شکست دی ہے،  آج کی جیت کا کرڈیٹ پوری ٹیم کو دیتا ہوں،  آئندہ دنوں میں ٹیم مزید کامیابیاں حاصل کرے گی،  جن ٹیموں سے نو دس سال سے نہیں جیتے اس سے جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ   پچھلے کئی ماہ سے بھارتی میڈیا خبریں چلا رہا ہے کہ انڈیا پاکستان نہیں آئے گا،  ہمارا موقف ہے کہ بھارت ہمیں لکھ کر دے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کےلئے نہیں آرہے، ہمارا موقف ہے کہ چیمپئنز ٹرافی صرف پاکستان میں ہوگی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوئی،  اگر بھارت نہیں آتا تو حکومت سے بات کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ   بھارت ہمیشہ ہم سے اچھے کی توقع کرتا ہے ہر بار ایسا نہیں ہوتا،  چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئی سی سی نے اعلان کرنا ہے، کھیلوں میں سیاست نہیں آنی چاہیے،  آگے جو فیصلے ہوں اس سے سب کو آگاہ کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہر ملک کی خواہش ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ہو،  ہم ہر ٹیم کو سہولت دیں گے، ہماری خواہش ہے ہے کہ باہر سے لوگ یہاں میچ دیکھنے آئیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ   تبدیلیاں روٹین کا حصہ ہیں، وائٹ بال کے کوچ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا آئندہ دنوں میں اس پر بات چیت ہوگی۔

مزیدخبریں