راجن پور: کچے کے علاقے میں پولیس مقابلہ، اشتہاری ڈاکوشاہد لُنڈ  مارا گیا

09:23 PM, 8 Nov, 2024

(ویب ڈیسک )   راجن پور کے علاقے کچہ بنگلہ اچھا میں پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ مارا گیا۔

 رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کے مشترکہ کاروائی میں کچہ بنگلہ اچھا میں لنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لنڈ ہلاک ہوگیا۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ  حکومت پنجاب نے ڈاکو شاہد لنڈ کے سر کی قیمت 01 کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی،ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ   ہلاک ڈاکو کے خلاف رحیم یار خان اور ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں  میں کئی مقدمات درج ہیں، رحیم یار خان اور راجن پور پولیس گزشتہ 02 ماہ سے اس آپریشن کی تکمیل لئے کام کر رہی تھی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ  کچہ ایریا سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں، شر پسند عناصر کا خاتمہ مشن ہے۔

یاد رہے کہ  اگست میں ڈاکو شاہد لُنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی محکمہ داخلہ کے نمبر پر مبینہ کال کرتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی تھی۔

جس میں گفتگو کرتے ہوئے   ڈاکو  نے کہا تھا کہ   شاہد لُنڈ بات کررہا ہوں لسٹ میں میرا نام سب سے پہلے ہے، اصل جو ملزم ہیں ان کے نام نہیں ہیں، انعام کے اعلان والی فہرست درست نہیں اسے دوبارہ بنائیں۔

مزیدخبریں