ملک میں کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2 فیصد سے کم ہو گئی
10:18 AM, 8 Oct, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) ملک بھر میں کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2 فیصد سے کم ہو گئی۔ ایک روز میں 912 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مزید 26 مریض انتقال کر گئے۔ فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 648 ہو گئی۔ 2 ہزار 761 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45 ہزار 619 ٹیسٹ کیے گئے، 912 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ایک اعشاریہ نو نو فیصد رہی، مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 56 ہزار 233 تک جا پہنچی۔ ملک بھر میں مزید 26 افراد کووڈ کے باعث انتقال کر گئے، اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 56 ہو گئی۔ اس وقت ملک بھر میں 43 ہزار 648 کووڈ کے باعث گھروں اور ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 2 ہزار 761 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 633 افراد صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 84 ہزار 527 ہو گئی۔ ملک بھر میں کورونا وبا کا پھیلاو کم ہونے کے باعث 11 اکتوبر سے اسکولز معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایک دن کلاس، ایک دن چھٹی کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ ملک بھر میں کورونا سے بچاو کے لیے ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ اب تک 3 کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی۔