رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری کا معاملہ، اسلام آباد پولیس کا ردعمل سامنے آگیا

02:09 PM, 8 Oct, 2022

احمد علی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کا ردعمل سامنے آگیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ کی تعمیل کے لیے اینٹی کرپشن ٹیم تھانے آئی تو ان سے کاغذات وصول کیے جائیں گے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ٹیم سے درخواست کی جائے گی کہ وہ تعمیل کیلئے ریکارڈ مہیا کرے تاکہ قانون کےمطابق عمل کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیےگئے ہیں۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، رانا ثنا کے وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وارنٹ جاری ہوجانے کے بعد اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم پولیس کی مدد لینے کے لئے تھانہ کوہسار پہنچی تھی جہاں انہوں نے پولیس کو وفاقی وزیر داخلہ کے وارنٹ سے آگاہ کیا تھا جس پر پولیس حکام نے یہ مؤقف اپنایا تھا کہ رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم میں 4 افسران شامل تھے جنہیں وفاقی پولیس نے واپس بھیج دیا تھا۔ پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر ایڈریس فیصل آباد کا ہے اور وہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔
مزیدخبریں