ورلڈکپ2023:پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے پر آئی سی سی کا بیان سامنے آگیا

04:54 PM, 8 Oct, 2023

احمد علی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایات کے بعد ردعمل دیدیا ہے۔ 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت کا پہلا دورہ کررہی ہے، بھارت روانہ ہونے سے بمشکل 48 گھنٹے قبل ہی بھارتی حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کیے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم آئی سی سی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر کام کررہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میزبان (بھارت) کی ذمہ داری ہے کہ پاکستانیوں کو ویزے جاری کرے اور ہم اس حوالے سے مکمل سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ویزوں سے متعلق سخت محنت کررہا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6 اکتوبر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی سی بی کو یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ کی کوریج کیلئے بھارت کے ویزے حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم گزشتہ تین سالوں سے شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزا جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو ان کی ذمہ داریوں اور اراکین کے معاہدے کے بارے میں یاد دلاتے رہے ہیں اور تمام متعلقہ حکام کے ساتھ تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
مزیدخبریں