ویب ڈیسک: ویسے تو بھارت کے کئی شہروں میں بندروں کی فوج گھروں، گلیوں، چوراہوں پر گھوم رہی ہوتی ہے۔ لیکن اس بار گستاخ بندروں نے بھارتی سپریم کورٹ کا رخ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ میں بندروں کی آمد نے وہاں موجود وکلاء کو بھرپور انداز سے لطف اندوز کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سپریم کورٹ آف انڈیا کی راہداری میں کچھ بندر گھس آئے اور انہوں نے راہداری پر رکھے خانوں سے وکلا کے لنچ باکس کے بیگ چرانے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے ویڈیو شئیر کی جس میں بندروں کو سپریم کورٹ کے وکلا کے سامنے کوریڈور پر چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بندروں میں سے ایک کمرہ عدالت کے دروازے کے پاس ایک چھوٹے سے شیلف پر چھلانگ لگاتا ہے اور ایک بیگ پکڑتا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے وکلاء مسکراتے ہوئے یہ سب مناظر دیکھ رہے تھے اور موبائل پر ویڈیوز بھی بنا رہے تھے، جس دوران ایک بندر نے بیگ سے لنچ باکس نکال کر اسے کھولنے کی کافی جدو جہد کی۔