پاکستان کے نامورورسٹائل اداکار مظہر علی انتقال کرگئے

01:29 PM, 8 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا ایک اور باب بند ہوگیا۔ سینئر اداکار مظہر علی دنیا سے رخصت ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اداکار مظہر علی پھیپڑوں  اور دل کے عارضہ میں طویل عرصے سے مبتلا تھے۔ وہ مستقل طور پر کینیڈا میں سکونت اختیار کرچکے تھے تاہم کچھ عرصے قبل وہ پاکستان آئے۔ 

خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی فیملی کینیڈا میں مقیم ہے۔ اداکار مظہر علی کی نماز جنازہ بعداز نماز مغرب طیبہ مسجد عیدگاہ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔

پچیس فروری انیس سو اٹھاون کو کراچی میں پیدا ہونے والے مظہر علی نے کیریئر کا آغاز ڈرامہ افشاں اور عروسہ سے کیا۔ شاہین، کالی دیمک۔ کانچ کی گڑیا ۔ گرہ اور ہالہ سے انہیں کافی شہرت حاصل ہوئی۔

بہترین اداکاری سے دلوں پر راج کرنے والے مظہر علی نے دو ہزار چھ میں شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہا۔ 

وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس: 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معروف اداکار مظہر علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مظہر علی کی ٹیلی ویژن کی دنیا میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔ مظہر علی بہترین اداکار تھے، انہوں نے پوری نسل کو انٹرٹین کیا۔

مراد علی شاہ نے اداکار مظہر علی کےلیے بلند درجات کی دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ 

وفاقی وزیراطلاعات کا اظہارافسوس:

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑنے معروف اداکار مظہر علی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اداکار مظہر علی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا۔آج ہم ایک عظیم فنکار اور ایک محترم انسان کو کھو بیٹھے ہیں۔مظہر علی نے اپنی فنی صلاحیتوں سے ہمیں مسحور کیا اور اپنی اداکاری سے ہمارے دلوں میں گھر کرلیا۔مظہر علی کے انتقال سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے

اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا گہرے دکھ کا اظہار

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اداکار مظہر علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مظہر علی اور میری دوستی سالوں پرانی ہے۔ ہم اسکول کے زمانے کے دوست تھے۔ مظہر علی پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے۔ مظہر علی اداکاری کے ساتھ ساتھ شاعری بھی کیا کرتے تھے۔  مظہر علی کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کے منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔

دعا ہے کہ اللہ مظہر علی کے درجات بلند کرے۔ انکے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔

صوبائی وزیرثقافت سندھ کا اظہار افسوس:

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے مظہر علی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کیلئے صبرو جمیل کیلئے دعا کی ہے۔

مزیدخبریں