ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے سُپر سٹار ریانا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی امیر ترین خاتون گلوکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مداحوں کو اپنی گائیکی کے سحر میں مبتلا کرنے والی ٹیلر سوئفٹ اب دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون گلوکارہ بن گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت 1.6 ارب ڈالزر تک جا پہنچی ہے جو کہ پاپ سٹار ریانا سے تقریباً 200 ملین زیادہ ہے۔ پاپ سٹار ریانا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.4 ارب ڈالرز ہے۔
اپنے بہت سے ساتھیوں کے برعکس جو منافع بخش برانڈ پارٹنرشپ پر انحصار کرتے ہیں، ٹیلر سوئفٹ نے بنیادی طور پر اپنے میوزک کیریئر کے ذریعے یہ دولت بنائی ہے۔ وہ پہلی موسیقار ہیں جنہوں نے اپنی میوزیکل کامیابیوں کے ذریعے ارب پتی کا درجہ حاصل کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے بہت سے ہم عصروں نے اپنی دولت صرف موسیقی کے ذریعے نہیں بلکہ بیرونی منصوبوں کے ذریعے جمع کی ہے۔
ریانا نے 2016 کے 'اینٹی' کے بعد سے کوئی سٹوڈیو البم ریلیز نہیں کیا لیکن ان کا کاسمیٹکس برانڈ فینٹی بیوٹی، جو 2017 میں شروع ہوا، اُن کی دولت میں اضافے کا سبب بنا۔
فوربز نے ہالی وڈ گلوکارہ کے ایراز ٹور کی تاریخی کامیابی کے بعد ان کی موجودہ مالی حیثیت کے حوالے سے اپ ڈیٹ فراہم کرنے سے قبل تمام معلومات کی تصدیق کی ہے۔
فوربز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کو 600 ملین ڈالرز ٹور کی آمدنی اور رائلٹی سے ملتی ہے، مزید 600 ملین ڈالرز ان کی میوزک لائبریری سے آتے ہیں اور 125 ملین ڈالرز وہ رئیل اسٹیٹ میں کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے 2023 میں سپاٹیفائی سٹریمنگ سے 100 ملین ڈالرز کی رائلٹی اپنے اکاؤنٹ میں ڈالی ہے۔