(ویب ڈیسک ) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے چینی شہریوں سمیت غیر ملکی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی باشندوں سمیت غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اس ضمن میں سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صوبہ بھر میں چینی باشندوں سمیت دیگر غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے امور زیر غور آئے، آئی جی پولیس نے چینی و غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، چینی و غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پراجیکٹس سائٹ سمیت تمام متعلقہ مقامات پر تعینات نفری ہائی الرٹ رہے، چینی انسٹالیشنز پر سی سی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں، باؤنڈری والز اور مورچوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سی پی او آفس میں بھی ایک اہم اجلاس ہوا جس میں چائنیز کی رہائش گاہوں، نقل و حرکت اور سفر کو محفوظ تر بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ لاہور پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں قائم قونصل خانوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں چینی شہریوں، چائنیز تنصیبات کی انتظامیہ، فوکل پرسنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں، چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں کی باقاعدگی سے چیکنگ یقینی بنائی جائے۔
سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ ورکنگ سائٹس اور دفاتر کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں، چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، کاروباری یا نجی مقاصد کے لیے آنے والے چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سیکیورٹی لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے۔