ڈر ہے عمران خان کو بھٹو جیسے انجام سے دوچار کیا جائے گا، معظم بٹ ایڈوکیٹ

05:30 PM, 8 Oct, 2024

(ویب ڈیسک )انصاف لائرز فورم کے سیکرٹری جنرل معظم بٹ ایڈوکیٹ  کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈر ہے کہ عمران خان کو بھی بھٹو جیسے انجام سے دوچار کیا جائے گا۔

انصاف لائرز فورم کے سیکرٹری جنرل معظم بٹ ایڈوکیٹ اور رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار  نے  پریس کانفرنس کی۔

معظم بٹ ایڈوکیٹ نے کہا کہ  تحریک انصاف آزمائش سے گزر رہی ہے، ہم بہادری سے حالات کا سامنا کر رہے ہیں،آئین میں تبدیلی انتہائی خطرناک ہے، پشاور ہائی کورٹ میں آئینی ترامیم روکنے کیلئے رٹ دائر کردی ہے، آئینی ترامیم کیلئے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔

انہوں  نے کہا کہ  چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی ہے، عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردئیے ہیں ، آئینی کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کیا جارہا ہے، اہم بات یہ ہے کہ آئینی ترامیم کا آرکیٹکٹ کون ہے،  وزیر قانون نے واضح کہا کہ ترامیم کا مسودہ ان کے پاس نہیں ہے۔

معظم بٹ ایڈوکیٹ نے کہا کہ  معلوم ہوتا ہے کہ ترامیم کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے،  ہمارا بنیادی مقصد عوام کی حقیقی آزادی ہے،ولی خان اور دیگر سیاست دان کہہ چکے ہیں کہ  ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے،یہ حقیقت ہے کہ پاکستان سکیورٹی سٹیٹ ہے، فوج کی بہت سی مجبوریاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  موجودہ حکومت نے ہمیں مقدمات میں الجھا کر رکھا ہے،  ڈونلڈ ٹرمپ بہت سے مقدمات کے باوجود الیکشن مہم میں حصہ لے رہا ہے،  ماضی میں مذاکرات کیلئے شیخ مجیب کو بھی رہا کیا گیا تھا،  ہمیں ڈر ہے کہ عمران خان کو بھی بھٹو جیسے انجام سے دوچار کیا جائے گا،  ملک میں مہنگائی اور بدامنی کا راج ہے،  عدالتیں تقسیم ہورہی ہیں، ان حالات میں اتفاق رائے سے ملک کو آگے بڑھانا چاہئے۔

شاندانہ گلزار کی گفتگو: 

رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  4 اکتوبر سے جو کچھ ہورہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے کارکنوں پر ہیلی کاپٹر سے شیلنگ کی گئی، 56 آئینی ترامیم رات کے اندھیرے میں پاس کرنے کی کوشش کی گئی،  مولانا فضل الرحمان جیسے زیرک سیاستدان نے بھی ترامیم کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ قاضی اپنی توسیع کیلئے ترامیم کا منتظر ہے،  ہماری خواتین ارکان اسمبلی کے گھروں میں داخل ہوکر  ترامیم کیلئے ووٹ مانگے جار رہے ہیں، ہم کسی صورت ترامیم کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے، جو ہمیں اٹھانا چاہتے ہیں بے شک اٹھا لیں ، عمران خان کے مخالف ملک کے کھلے دشمن ہیں ۔

  شاندانہ گلزار  نے کہا کہ  ہم نے احتجاج میں جانے کی اجازت مانگی تھی، ہم سختی سے منع کیا گیا تھا کہ احتجاج میں نہیں جانا، ہمیں قیادت کی طرف سے شوکاز نوٹس کی دھمکی بھی دی گئی، یہی وجہ ہے کہ اراکین اسمبلی احتجاج میں شریک نہیں ہوئے۔

مزیدخبریں