ویب ڈیسک:کا لعدم تنظیم کے حوالے سے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا بیان، کہا کہ ہم پاکستان اور اس کے جھنڈے اور آئین کے محافظ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت آئین و قانون کی پاسداری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، وفاقی حکومت نے ایک تنظیم کو کالعدم قرار دیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہناتھا کہ ہم پاکستان اور اس کے جھنڈے اور آئین کے محافظ ہیں، ہمیں دفاعی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں اور قربانیوں پر فخر ہے، قابل افسوس بات یہ ہے کہ وفاقی نمائندے اس وقت منہ چھپائے پھر رہے ہیں،حکومتی اتحاد کے نمائندوں نے ان ایشوز پر چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے، کہاں ہیں نام نہاد پرچی گورنر کنڈی، امیر مقام اور حکومتی اتحاد کے دیگر نمائندے؟
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ یہ کیوں وفاقی حکومت کی قرار شدہ کا لعدم تنظیم کے بارے میں بات نہیں کر رہے، کیا وجہ ہے کہ صوبائی اسمبلی میں بھی ان پارٹیوں کے نمائندے کوئی بات نہیں کر رہے، مینڈیٹ چور حکومت مخالفانہ بیانات دے رہے ہیں اور اس حساس موضوع پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، آج پرچی گورنر کے بھائی اور پیپلز پارٹی کے ایم پی اے احمد کنڈی نے کالعدم تنظیم کے حوالے سے اقدامات پر تنقید کی۔