افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی: پی سی بی کا سخت قدم اٹھا نے کا فیصلہ
09:35 AM, 8 Sep, 2022
لاہور: ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی نے معاملہ آئی سی سی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایشیا کپ میں پاک افغان میچ کے دوران افغانی تماشائیوں کی طرف سے ہنگامہ آرائی کا معاملہ آئی سی سی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایک دفعہ نہیں تیسری مرتبہ افغانی تماشائیوں نے گلوبل ایونٹس میں ہنگامہ آرائی کی، افغانی فینز نے سپورٹس میں سپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، 2019 کے ورلڈکپ اور 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی افغان فینز نے پاکستانی کرکٹ فینز کے ساتھ بدتمیزی کی. ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے فینز کو یوں تنہا نہیں چھوڑ سکتا، کرکٹ شائقین ہمارا اثاثہ ہیں ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ بھی یہی سلسلہ جاری رہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کیخلاف میچ میں شکست کے بعد افغان شائقین اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے اور آپے سے باہر ہو گئے۔ انہوں نے سٹیڈیم میں تور پھوڑ شروع کردی اور پاکستانی تماشائیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔