پی ٹی آئی جلسے کیلئے قافلے پہنچنا شروع، 20 ہزار کرسیاں لگ گئیں،موبائل انٹرنیٹ معطل

02:09 PM, 8 Sep, 2024

ویب ڈیسک: اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا پنڈال سج گیا، 20 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں، جلسہ گاہ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کارکنان بھنگڑے ڈال رہے ہیں، جلسے کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے لیے موبائل فون اورانٹرنیٹ کی سروس کو ڈاؤن کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ کارکن ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔

سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کے 41 شرائط پر مشتمل این او سی کے مطابق جلسے کا آغاز 4 بجے اور اختتام شام 7 بجے تک ہوگا، اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم سمیت جلسہ گاہ میں دیگر تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

این او سی کے مطابق ریاست مخالف تقاریر یا نعروں کی اجازت نہ ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبر کے لیے ہے، منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے، جلسے کی اجازت ہوگی لیکن کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہ ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبرکے لیے ہے منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے، آرگنائزر جلسے کی انٹرنل سیکیورٹی کے ذمہ دارہوں گے، مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر یا نعروں کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ذمہ داری جلسہ منتظمین کی ہوگی، خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے براستہ ایم ون موٹروے اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے ہوتے ہوئے پسوال روڈ پر پہنچیں گے، براستہ جی ٹی روڈ آنے والے قافلے برہان انٹرچینج سے موٹروے ایم ون پرآئیں گے جبکہ اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے اتر کر پسوال روڈ سے ہو تے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

پنجاب سے آنے والے قافلے جی ٹی روڈ سے روات اور روات سے چک بیلی روڈ سے چکری انٹرچینج تک ایم ٹو سے ہوتے ہوئے پسوال روڈ تک پہنچیں گے، اس کے علاوہ مری اور اسلام آباد کے رہائشی صرف مارگلہ ایونیو سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ تک پہنچیں گے جبکہ اسلام آباد سے جلسہ گاہ کی طرف جانے والے باقی تمام راستے بند ہوں گے۔

مزیدخبریں