امریکی مشیر سلامتی نے براہ راست کہا روس نہیں جاؤ
11:16 AM, 9 Apr, 2022
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی مشیر سلامتی نے براہ راست کہا روس نہیں جاؤ۔ پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی درپردہ تبدیلی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، آج شاید ایوان میں میرا آخری دن ہے، ہم آج ہیں شاید کل نہ ہوں، لیکن پاکستان ہمیشہ رہے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے روس کے دورے کا فیصلہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا، پاکستان چھوٹا سہی لیکن ایک خود مختار ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ غلامی قبول کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اسے قبول نہیں کرینگے، آج ملک دوراہے پر کھڑا ہے۔ قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس نے سر اٹھا کر جینا ہے یا سر جھکا کر۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پھر کہتا ہوں کہ ہمیں ملنے والا ڈاکیومنٹ مصدقہ ہے، ڈاکیومنٹ واشنگٹن میں تعینات 22ویں گریڈ کے ایک افسر نے بھیجا، اپوزیشن کو اب بھی تحفظات ہیں تو واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر کو طلب کرکے ان کیمرا اجلاس بلا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رجیم تبدیلی کی جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ سب کے سامنے ہے، بلاول نے کہا کہ یہ دستاویزات فرضی ہے، مریم نے کہا کہ اسے دفتر خارجہ سے میں تیار کیا گیا ہے، جو دستاویز ہے وہ اصل ہے، اس معاملے پر ان کیمرا اجلاس بلا لیتے ہیں، ہم اپنے ممبران کو بریف کریں گے، شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر کوئی مراسلہ ہے تو اسے پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کے معاملے پر امریکی مشیر سلامتی کا فون آیا جس میں امریکی مشیر سلامتی نے براہ راست کہا روس نہیں جاؤ۔ وزیر خارجہ کا قومی اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایک سال ہو گیا ثبوت ہونے کے باوجود آج تک ہمیں انصاف نہیں ملا، وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو ٹکٹوں کے خواب دکھائے گئے، ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت ہم نے الیکشن کمیشن میں پیش کئے، ووٹ خریدے گئے، ہم نے اس پر احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحفظ کی قسم اٹھانے کی والی قوتیں نہیں دیکھ رہیں کہ وفاداریاں تبدیل کی جا رہی ہیں۔