عمران خان کیلئے بطور سابق وزیراعظم سکیورٹی کا انتظام کیا جائے
04:12 PM, 9 Apr, 2022
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کیلئے بطور سابق وزیر اعظم سیکیورٹی کے انتظام کیلئے کہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو کونسی سیکیورٹی ملتی ہے، آگاہ کیا جائے، عمران خان کو وزارت عظمی سے الگ ہونے کے بعد سیکیورٹی کی نوعیت کیا ہو گی، مکمل سیکیورٹی جائزہ رپورٹ فراہم کی جائے۔ ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی وزارت چھوڑنے کی صورت میں اپنے لیے سیکیورٹی مانگ لی ہے،شیخ رشید کا کہنا ہےکہ میری جان کو خطرہ ہے، پولیس کے ساتھ رینجرز کی سیکیورٹی بھی دی جائے۔ ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ دونوں خطوط کا جائزہ لے رہے ہیں، پروٹوکول کے مطابق سابق وزیراعظم کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔