ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی عام پرواز سے سفر ائیر لائن اور سیکڑوں مسافروں کیلئے وبال جان بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف، مریم نواز نے وفد کے ہمراہ پی آئی اے کی جدہ اسلام آباد پرواز پی کے 842 پر سفر کیا۔
ائیر لائن ذرائع نے بتایاکہ پی آئی اے کی جدہ اسلام آباد پرواز کو اسلام آباد کے بجائے لاہور میں لینڈ کرایا گیا، اس سے پہلے جدہ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ شہباز شریف، مریم نواز اور ان کے وفد کے انتظار میں 2 گھنٹے کھڑا رہا اور مسافر 2 گھنٹے تک طیارے میں بیٹھے سرکاری وفد کا انتظار کرتے رہے، واپسی میں طیارہ اسلام آباد کے بجائے لاہور میں اتار لیا گیا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ سرکاری وفد کے اتر جانے کے باوجود طیارہ 2گھنٹے تک لاہور ائیرپورٹ پر کھڑا رہا، جدہ اسلام آباد پرواز پی کے 842 میں 380 مسافر سوار تھے، اس دوران لاہور ائیرپورٹ پر طیارے میں بیٹھے اسلام آباد اور کے پی کے کے مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔
مسافروں کا مطالبہ تھا کہ ہمیں طیارے سے اترنے دو ہم بس یا ٹرین سے اسلام آباد چلے جائیں گے۔