کورونا سے مزید 53 افراد جان کی بازی ہار گئے
04:40 AM, 9 Aug, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان میں کورونا کی صورتحال تاحال کنٹرول میں نہیں آ رہی ہے اور بھارت سے آنے والے ڈیلٹا ویرینٹ کی وجہ سے عالمی وبا کی صورتحال ایک بار پھر قابو سے باہر ہوتی نظر آرہی ہے۔ مہلک کورونا وبا نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 53 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وبا کے مزید 53 ہزار 528 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 40 ٹیسٹ مثبت آئے، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح گزشتہ دنوں کی نسبت تھوڑی سی بہتری کے ساتھ 7.54 فیصد رہی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی طرف سے مسلسل پاکستان بھر میں ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ عالمی وبا کی ایس او پیز پر عمل کیا جائے، اس سلسلہ میں عوام کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے قریبی ویکسی نیشن سنٹر تشریف لے جا کر ویکسین لگوائیں تاکہ وہ عالمی وبا سے محفوظ رہ سکیں۔