صدرعارف علوی سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

04:03 PM, 9 Aug, 2021

شازیہ بشیر
اسلام آباد ( پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات۔ پاکستان اور چین کا باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ۔ فریقین کا خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔ سال کے اواخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک تعاون شراکت داری پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔ دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور ون چائنا پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے امور، جموں و کشمیر تنازعہ ، این ایس جی اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ بعض دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں ، سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاک -چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ صدر مملکت نے ملاقات میں داسو میں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے۔ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔
مزیدخبریں