شہباز گل کو فوج کے رینک اینڈ فائل میں ’بغاوت کی کوشش‘ پر گرفتار کیا گیا: رانا ثنا اللہ
03:22 PM, 9 Aug, 2022
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو قانون کے مطابق بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا متنازع بیان 'افواج پاکستان کے اندر ایک ایسی ناپاک جسارت تھی جس سے افواج میں بغاوت کی کوشش کی گئی۔' اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے مجسٹریٹ کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چاہتے تو شہباز گل کی گاڑی سے پندرہ کلو منشیات بھی برآمد ہو سکتی تھی،عمران خان کی طرح ہم کوئی غیر قانونی حرکت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سربراہی میں سانحہ لسبیلہ پر منفی پروپیگنڈا کے لئے اجلاس ہوا،نجی ٹی وی چینل کا سازشی کردار بھی سامنے آیا ہے،لسبیلہ میں شہداء ہیلی کاپٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری، شہباز گل اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ نے سازشی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ادارے کے تمام رینکس میں بغاوت کو اکسانے کے لئے نا پاک جسارت کی گئی،اس ساری سازش کی تحقیقات اور سازشی کرداروں کا تعین کیا جارہا ہے،پاک افواج کی خدمات اور شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے۔ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید چلا ہوا کارتوس ہے انہیں عمران خان نے اس اجلاس اس کو بلایا ہی نہیں،تحقیقات جاری ہیں جو بھی کردار سامنے آئیں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض انجام دینے،نویں دسویں محرم کے دوران پورے ملک میں ابھی تک کہیں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔