ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد نوجوان نسل کے لئے ایک تحریک ہے ۔ گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ انسٹا گرام پر عمران خان نے ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی اعزاز جیتنے کے بعد گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہونے کی فوٹیج شئیر کی ہے۔
جبکہ کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’پاکستان کے اولمپک پرچم بردار ارشد ندیم کو شاندار جیولن کارکردگی پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد’’۔
’’ان کی استقامت اور استقامت نے ان کو اور قوم کو فخر بخشا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی نے اولمپکس میں ایتھلیٹکس میں انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہ ہماری نوجوان نسل کے لیے ایک تحریک ہیں۔’’
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم مبارکباد کے مستحق ہیں، ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا۔ ارشد ندیم نے محنت اور لگن سے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
عمر ایوب خان نے کہاکہ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت اولمپکس میں پاکستانی پرچم کی شان بڑھی۔اس شاندار کامیابی کا سہرا ارشد ندیم اور اس کے اہلخانہ کی محنت کو جاتا ہے، ارشد ندیم کی عظیم کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ارشد ندیم کی محنت، عزم اور لگن نے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نےقومی اتھلیٹ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ہم سب کو فخر محسوس ہوا ہے،یہ ہم سب کے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ارشد ندیم جیسے نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی قابلیت سے ملک کا نام روش کیا،شاندار کارکردگی پر پوری قوم، ارشد ندیم اور ان کے خاندان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مشیراطلاعات بیرسٹرسیف
بیرسٹر سیف نےقومی اتھلیٹ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کانام فخر سےبلندکیا، ارشد ندیم جیسے کھلاڑی ملک کےکونےکونےمیں موجود ہیں،جس کومواقع نہیں مل رہے ۔