(ویب ڈیسک ) پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے بھی پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
پیرس اولمپکس میں جویلین تھرو مینز کے فائنل میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتے پر انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر سے مبارکباد دی جا رہی ہے۔
پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے بھی پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔ بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کرپاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے ۔
پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے 92۔97 میٹر کی حیران کن تھرو پھینک کر تاریخ رقم کی اور گولڈ میڈل جیتا۔آج دنیا آپ کا نام جانتی ہے۔
اقوام متحدہ پاکستان نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔ایکس پر بیان میں کہا کہ مبارک ہو ارشد ندیم ، مبارک ہو پاکستان۔ پاکستان کیلئے اولمپک میں ایک نیا ریکارڈ اور گولڈ میڈل جیت لیا۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ارشد ندیم کو اولمپکس کے مینز جویلین میں گولڈ میڈل گھر لانے پر مبارک ہو۔ ارشد دندیم ایک زندہ مثال ہے کہ ایسا کچھ نہیں جو آپ حاصل نہیں کرسکتے اگر آپ بڑا خواب دیکھیں ، سخت محنت کریں اور کبھی ہار نہ مانیں۔
یاد رہے کہ فرانس میں جاری پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے اتھلیٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے پاکستان کو جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل دلواتے ہوئے اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بدل دی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم انفرادی مقابلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جبکہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے دوسرے جنوبی ایشین ایتھلیٹ ہیں۔
1984 اولمپکس کے بعد اور ہاکی کے علاوہ پاکستان کا یہ پہلا گولڈ میڈل ہے جبکہ اولمپکس کی تاریخ میں پاکستان کا 11 واں میڈل ہے۔