توشہ خانہ ریفرنس ؛ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری

09:45 PM, 9 Aug, 2024

ویب ڈیسک:احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے دونوں ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کیا،نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

 تفتیشی افسر کے مطابق تفتیش میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی،  بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے، دونوں ملزمان کو سوال نامہ فراہم کر دیئے گئے ہیں، ملزمان کی جانب سے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے، ملزمان سے کچھ گواہان اور دستاویزات سے متعلق جرح کرنا باقی ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان سے مال مقدمہ کی برآمدگی بھی باقی ہے،وکیل صفائی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی ہے، وکیل صفائی کی جانب سے مناسب جسمانی ریمانڈ دیا جا چکا ہے، تحققیات میں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

حکم نامہ میں کہا گیا ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیشی افسر کی جانب سے تفتیش میں پیشرفت دکھائی گئی ہے، سابق وزیراعظم کے اے ڈی سی، جیولری سیٹ کے خریدار اور پروٹوکول اسٹاف کے بیانات ابھی باقی ہیں، ان تمام افراد کے بیانات کی روشنی میں ملزمان سے جرح کی جانی ہے، توشہ خانہ جیولری سیٹ کی برآمدگی، ملزمان کے جوابات بھی ابھی باقی ہیں۔

اس صورتحال میں ملزمان کا مزید 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا جاتا ہے، ملزمان کو 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

مزیدخبریں