پیرس اولمپکس میں ملنے والے سونے کے تمغوں میں سونا کتنا    ہے؟

09:59 PM, 9 Aug, 2024

(ویب ڈیسک )  پیرس میں 2024 کے اولمپکس کھیل جاری ہیں جن میں کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کو میڈلز بھی مل رہے ہیں ۔

گزشتہ روز  ہی ارشد ندیم نے   جیولین تھرو میں   گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ اولمپکس میں پاکستان کو 40 سال بعد ملنے والا پہلا گولڈ میڈل ہے۔

اولمپکس میں ملنے والے گولڈ میڈل میں  سونا کتنا ہوتا ہے؟

اس حوالے سے معروف جریدے فوربز  کا کہنا ہے کہ  اولمپکس 2024 میں دیے جانے والے گولڈ میڈل  کا وزن 529 گرام ہے لیکن یہ 95.4 فیصد (505 گرام) چاندی پر مشتمل ہے۔ اس تمغے میں 18 گرام لوہا جبکہ  اس میں سونا صرف 6 گرام ہے۔

فوربز کے مطابق سونے، چاندی اور لوہے کی قیمت (24 جولائی) کے حساب سے پیرس اولمپکس میں دیے جانے والے   گولڈ میڈل کی قیمت 950 ڈالر بنتی ہے۔

اگر اولمپکس میں کھلاڑیوں کو دینے جانے والے گولڈ میڈل مکمل طور پر سونے سے  تیار کیے جاتے تو ان کی  مالیت کم و بیش 41 ہزار ڈالر بنتی شاید یہی وجہ ہے کہ سونے کی بڑھتی قدر کے باعث اب مکمل سونے کے تمغے تیار نہیں کیے جاتے۔

واضح رہے کہ آخری مرتبہ 1912 میں ہونے والے اولمپکس میں مکمل طور پر سونے سے تیار کردہ تمغے دیے گئے تھے۔

پیرس اولمپکس 2024 میں دیے جانے والے سونے کے تمغوں کی قیمت جدید  کھیلوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔قبل ازیں  سب سے مہنگے سونے کے تمغے 2012 کے لندن اولمپکس کے سمجھے جاتے تھے جن کی قیمت 708 ڈالر تھی۔

پیرس اولمپکس کے تمغوں  کی خاص بات: 

پیرس اولمپکس میں دیے  جانے والے تمغوں میں ایک خاص بات تمغوں کے درمیان  لگا لوہے کا مسدس ٹکڑا ہے، تقریباً 18 گرام وزنی لوہے کا یہ ٹکڑا  تمام میڈلز پر موجود ہے۔

یہ کوئی عام لوہا نہیں  ہے بلکہ پیرس کے مشہور و معروف ایفل ٹاور کے لوہے کا ٹکڑا ہے، اس لوہے کو 20ویں صدی میں ایفل ٹاور کی مرمت کے دوران نکالے گئے لوہے کے حصوں میں سے حاصل کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں