پاکستان کو کسی بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہیے: وزیراعظم

09:52 AM, 9 Dec, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش کرنا ہوگی کہ دنیا میں نئے بلاکس نہ بنیں۔ صورتحال سرد جنگ کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان کو بھی کسی بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ایک سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس لئے ان معاملات میں پھنسنا نہیں چاہتا کیونکہ دنیا کو پہلے بھی سرد جنگ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے جس طرح ہم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازع میں کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 70ء کی دہائی میں ہم نے چین اور امریکا کے تعلقات کو استوار کرایا تھا، ہم یہ آج کردار آج بھی دہرانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مستقبل کیلئے افغانستان میں امن کا قیام بہت ضروری ہے۔ وہاں خانہ جنگی کا خطرہ تھا۔ یہ ہمارے لئے ایک خطرناک صورتحال تھی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اصل سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے تھنک ٹینکس کی بہت ضرورت ہے۔ ہماری پستی وہاں سے شروع ہوئی جب ہم نے باہر سے آنے والے خیالات کو اپنانا شروع کردیا، اس سے ہماری اپنی اصل سوچ ہی ختم ہوگئی۔ ہم ایک غیر حقیقی ملک بننا شروع ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس ناصرف دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں، وہیں مقامی میڈیا کو بھی آگاہی دیں کیونکہ پروگراموں میں شریک لوگوں کے پاس معلومات ہی نہیں ہوتیں لیکن وہ پھر بھی بات کرتے رہتے ہیں، اس سے لوگ گمراہ ہوتے ہیں۔
مزیدخبریں