زوم میٹنگ میں 900 ملازمین فارغ!کمپنی سربراہ نے معافی مانگ لی

02:37 PM, 9 Dec, 2021

احمد علی

واشنگٹن: صرف ڈھائی منٹ کی زوم کال پر 900 ملازمین کو برطرف کرنے والے ہندوستانی نژاد سی ای او وشال گرگ نے اپنے رویے پر ملازمین سے معافی مانگ لی ہے۔ اس نے اپنا معافی نامہ کمپنی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

' ڈیلی میل' کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی ' بیٹر ڈاٹ کام' کے سی ای او وشال گرگ نے گزشتہ ہفتے زوم میٹنگ کے دوران اپنے 900 ملازمین کو ایک ہی لمحے میں نوکری سے نکال دیا۔ ویشال نے زوم پر ایک ویبینار منعقد کیا تھا، جس میں اس نے 900 سے زائد ملازمین کو ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے ملازمین کے لیے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا۔ اس کے بعد سے وہ شدید تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔

اب وشال گرگ نے برطرف ملازمین سے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے، 'میں نے جس طرح سے اس پورے معاملے کو سنبھالا اس کے لیے مجھے افسوس ہے۔ میں متاثرہ لوگوں اور کمپنی کے لیے ان کے تعاون کے لیے اپنی تعریف اور احترام کا اظہار کرنے میں ناکام رہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ میرا تھا لیکن میں اس کا صحیح طریقے سےاظہار کرنے میں ناکام رہا اور مجھے اس پر افسوس ہے۔

سی ای او وشال گرگ نے اپنے ملازمین کے لیے کئی سخت الفاظ استعمال کیے، جن میں 'بہت سست کارکن' بھی شامل ہے۔ ملازمین نے ان الفاظ پر اعتراض بھی کیا تھا۔ گرگ کو سوشل میڈیا پر ان کے رویے کے لیے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اب انہوں نے معافی مانگ کر معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔

انھوں نے کہا، 'مجھے احساس ہے کہ میں نے ایک بری خبر کو بدتر شکل میں پیش کیا ہے۔ میں اپنی غلطی پر معذرت خواہ ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ میں نے اس غلطی سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ تاہم اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض اوقات سخت فیصلے لینے پڑتے ہیں۔

مزیدخبریں