سپریم کورٹ: ارشد شریف قتل کیس کی 8 دسمبر کی سماعت کا حکمنامہ جاری
02:32 PM, 9 Dec, 2022
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کی 8 دسمبر کی سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ارشد شریف قتل کیس کیلئے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن پیش کیا، جے آئی ٹی کی معاونت کیلئے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی اور ایس ایچ او تھانہ رمنا سمیت افسران پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی۔ حکمنامہ کے مطابق وزارت خارجہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی نیروبی میں معاونت کے حوالے سے رپورٹ بھی جمع کروائی ہے، رپورٹ میں مزید سفارتی اقدامات بارے بھی بتایا گیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو سپیشل جے آئی ٹی کی معاونت بارے بتایا، توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کے کیلئے جے آئی ٹی دل جوئی سے کام کرے گی۔ حکمنامہ کہا گیا ہے کہ تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے، کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر ٹیم براہ راست چیف جسٹس آفس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی، توقع ہے جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتا فوقتاً ان چیمبرز جمع کروائے گی، پہلی عبوری رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائے گی۔