گوگل نے پاکستان میں بطور کمپنی رجسٹریشن کرالی

03:07 PM, 9 Dec, 2022

احمد علی
گوگل نے بطور کمپنی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن کرالی۔ گوگل دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اب پہلی بار اس نے بطور کمپنی پاکستان میں رجسٹریشن کرالی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ گوگل نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں بطور کمپنی رجسٹریشن کرالی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا قوانین کے تحت حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو رجسٹریشن کا پابند کیا ہے اور اسی وجہ سے گوگل نے بطور کمپنی پاکستان میں رجسٹریشن کرائی ہے۔ امین الحق نے کہا ہے کہ گوگل کا سرور پاکستان میں بنے گا تو پاکستانی صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہوگا، ابھی تمام کمپنیوں کا ڈیٹا ملک سے باہر محفوظ کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے بھی جلد پاکستان میں دفتر قائم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ پالیسیوں کے عدم تسلسل اور عدم استحکام کے باعث کمپنیاں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ کمپنیوں کی ہچکچاہٹ دور کرنے کے لیے وزارت آئی ٹی کی جانب سے انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
مزیدخبریں