ویب ڈیسک: فیصل آباد کچہری میں فائرنگ کا ایک اور افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے،جس نے عدالتوں کے باہر سیکیورٹی کا پول کھول دیا ہے۔ملزم نےسرعام پیشی پر آئےاپنے مخالف کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق فیصل آبادکی سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے شخص پر مخالفین نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ کچہری میں بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس مقدمہ قتل کے ملزم عمران کو عدالت پیش کرنے لائی تھی،ثقلین نامی نوجوان نے پولیس حراست میں ملزم کو سر میں گولیاں ماریں،ملزم ثقلین نے قتل کے بعد ہتھیار پھینک کر گرفتاری دیدی۔
آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے کچہری میں مخالفین کی فائرنگ سے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد کامران عادل سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔
ڈاکٹر محمد عابد خان نے کہا کہ سی پی او جائے وقوعہ کا وزٹ کریں اور شواہدات کو بذریعہ پی ایف ایس اے اکٹھا کروائیں،سی پی او ڈسٹرکٹ کورٹس کی سیکورٹی کے حوالے سے جامع پلان بنائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے،متاثرین کی دادرسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔