وزیر اعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد

10:11 PM, 9 Dec, 2024

(ویب ڈیسک )  وزیرِ اعظم شہباز شریف  نے   ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دی اور  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ   رواں برس نومبر میں 2.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مشکور ہیں، نومبر 2024 میں گزشتہ برس کے مقابلے ترسیلات زر  میں 29 فیصد اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زر 33.6 فیصد سے بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو خوش آئند ہے اور معیشت کیلئے اچھے ثمرات لے کر آئے گا،اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری، مہنگائی کی شرح میں بڑی کمی، معاشی استحکام کا سہرا حکومتی ٹیم کو جاتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اور پاکستان کے سفیر ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو دنیا بھر اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں