شاہد آفریدی کی دبئی میں اپنا ریسٹورنٹ کھولنے کی تیاریاں

04:00 AM, 9 Feb, 2022

Rana Shahzad
دبئی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب لوگوں کو کھانا کھلائیں گے۔ جی ہاں! انہوں نے دبئی میں اپنا ایک ریسٹورنٹ کھولنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ باورچی کا لباس پہنے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ گیند کی طرح ٹماٹر کو گھما کر اسے چھری سے کسی ماہر شیف کی طرح کاٹ رہے ہیں۔ خبریں ہیں کہ بوم بوم آفریدی جلد ہی اپنا ایک ریسٹورنٹ کھولنے جا رہے ہیں جس میں لوگوں کو مزے مزے کے کھانے کھلائیں جائیں گے۔ تاہم یہ آفر ابھی یو اے ای کے باسیوں کیلئے ہوگی کیونکہ یہ لالا دربار نامی یہ ریسٹورنٹ دبئی میں کھولا جائے گا۔ انہوں نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ وہ بڑا اعلان کریں گے جس کا انکشاف کیا جائے گا۔ انہوں نے لالا دربار کا ہیش ٹیگ اپنی پوسٹ میں استعمال کیا۔ اس حوالے سے ریسٹورنٹ کے بزنس پیج پر کہا گیا ہے کہ یہ پاکستانی کرکٹر بوم بوم آفریدی کے دیسی ریسٹورنٹ کی شاخ ہوگی تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کا مینیو کیا ہو گا۔ خیال رہے کہ شاہد آفریدی کے نام سے ایک اور برانڈ 'او لالا' بھی چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ہوپ ناٹ آؤٹ نامی کپڑوں کے برانڈ کے بھی مالک ہیں جس میں مردوں اور عورتوں دونوں کے لئے لباس موجود ہیں۔ شاہد آفریدی سے قبل سعید انور، انضمام الحق اور شعیب ملک بھی اس بزنس میں قدم رکھ چکے ہیں۔ سعید اور انضمام 'میٹ ون' کے نام سے گوشت کی دکان چلاتے ہیں جبکہ شعیب ملک نے لاہور میں 'دی رائس باؤل' کے نام سے ایک ریسٹورنٹ کھول رکھا ہے۔
مزیدخبریں