سانحہ مری‘ جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے8،8 لاکھ روپے امداد

10:28 AM, 9 Jan, 2022

احمد علی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا ہے. ذارائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل ‌خانہ کو 8،8 لاکھ روپے فی کس ادا کیئے جائیں گے.

ذرائع کے مطابق مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے ایک کروڑ76 لاکھ روپے کی منظور ی دی گئی ہے، 22 افراد کے اہل خانہ کو 8،8لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے.

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کی بارشوں میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کیلئے مجموعی طور پر 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی منظوری دے دی گئی. یہ تمام فیصلے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے. اجلاس میں راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ،آئی جی پنجاب نے بھی شرکت کی.

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 23 ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں